لاہور: سابق وزیراعظم چیئرمین پی ٹی آئی کی مبینہ فرنٹ پرسن فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کا خفیہ پاسپورٹ منظرعام پر آ گیا۔ مبینہ طور پر لوٹی ہوئی دولت چھپانے اور منی لانڈرنگ کے لیے فرح گوگی کو ایک غیرمعروف ملک وینا تاو کا خفیہ پاسپورٹ بنا کر دیا گیا۔ سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ نے ملک کے معروف پراپرٹی ٹائیکون کے بیٹے کو فرح گوگی کے لئے خفیہ انٹرنیشنل پاسپورٹ خریدنے کا ٹاسک سونپا۔ پراپرٹی ٹائکون نے ایک اور معروف بزنس مین کو خفیہ پاسپورٹ بنانے کیلئے ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر فراہم کئے۔ 28 مارچ 2022 کو فرح گوگی کے لیے خریدے جانے والا وینا تاؤ کا خفیہ پاسپورٹ بشری بی بی کے حوالے کیا گیا۔ حکومت گرنے سے 6 دن قبل فرح گوگی کو پاکستانی پاسپورٹ پر ملک سے فرار کرا کے دبئی بھجوایا گیا۔ دبئی کے بعد باقی تمام سفر وینا تاؤ کے پاسپورٹ پر کرائے گئے تا کہ تحقیقاتی ادارے اس نقل و حرکت سے آگاہ نا رہیں۔ خیال رہے کہ دو روز قبل ہی یہ انکشاف ہوا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی یہ فرنٹ پرسن ساڑھے چودہ ارب روپے کے ناجائز اثاثوں کی مالک ہیں۔