ویب ڈیسک: چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں مارخورز نے پینتھرز کو 160 رنز سے ہرا دیا۔
فیصل آبآد میں کھیلے گئے میچ میں پینتھرز نے مارخورز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، مارخورز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر347 رنز بنائے۔کامران غلام نے 102 گیندوں پر 115 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے،اس کے علاوہ فخرزمان 17 اور محمد فیضان 34 رنز بناکر آوٹ ہوئے،کپتان محمد رضوان 45 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا ایک رن بنا سکے۔
اس کے بعد افتخار احمد اور عبدالصمد نے 87 رنز کی شراکت بنائی۔ صمد نے 25 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، پینتھرز کی جانب سے محمد حسنین اور مبصر خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ۔
348 رنز کے ہدف کے جواب میں پینتھر ز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی گئیں۔ صرف 52 رنز پر اس کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، مارخورز کی شاندار بولنگ کے سامنے پینتھرز کی ٹیم 35ویں اوور میں 187 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں مارخورز نے چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں 160 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔
پینتھرز کی جانب سے عماد بٹ 77 رنز بناکر نمایاں رہے۔مبصر خان 33، اسامہ میر 21 اور صائم ایوب 20 رنز بناسکے، مارخورز کی طرف سے نسیم شاہ اور عاکف جاوید نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہ نواز دھانی نے 2 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ میچ جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا گیا۔