پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان بیک ڈور رابطے

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان بیک ڈور رابطے

لاہور(پبلک نیوز) پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان بیک ڈور رابطوں کا انکشاف ہوا ہے، پیپلزپارٹی کی پیشکش پر ن لیگی قیادت کی مشاورت جاری ہے.

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن پارلیمانی پارٹی کی اکثریت بلاول بھٹو کی تجویز سے متفق ہے۔ اکثریت کی تجویز ہے کہ بلاول بھٹو کی ان ہاوس تبدیلی کی تجویز پر عمل کرنا چاہیے۔ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں نے شہباز شریف کو اپنی آراء سے آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی رہنماؤں میں سے بیشتر نے موقف اختیار کیا کہ عوام بے چینی سے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں ۔ اگر عوامی مسائل پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے تو اگلا الیکشن بھی ہمارا نہیں ہوگا۔حکمران اتحاد میں شدید اختلافات چل رہے ہیں ہمیں اسکا فائدہ اٹھانا چاہیے۔

لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہمیں مرکز اور پنجاب میں اعلیٰ عہدے دینے کو تیار ہے۔موقعے سے فائدہ اٹھانا موجودہ وقت اور سیاست کی ضرورت ہے۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے لیگی رہنماؤں کو ن لیگ کے قائد سے مشاورت کا کہہ دیا۔

خیال رہےکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دو روز قبل ایک بار پھر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اوروزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانےکا مشورہ دیا تھا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں اگر سنجیدہ ہیں تو پہلے بزدار حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائیں اور بعد میں عمران خان کے خلاف، تو یہ حکومت گر جائے گی، عدم اعتماد کی تحریک کے لیے پیپلزپارٹی حاضر ہے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔