ارشدندیم آپ نے اچھی کرکٹ کھیلی، اداکارہ میرا

ارشدندیم آپ نے اچھی کرکٹ کھیلی، اداکارہ میرا

ویب ڈیسک: پاکستان کی فلم کی سینئر اداکارہ میرا کی ارشد ندیم سے متعلق ایک ویڈیو دوبارہ آن لائن منظر عام پر آگئی ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔

ویڈیو میں اداکارہ کو ایک انٹرویو کے دوران جیولین ایتھلیٹ ارشد ندیم کو کرکٹر سمجھ کر مبارکباد دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ جمعرات کی شب ارشد ندیم نے 92.97 کی تھرو کے ساتھ نہ صرف جیولن فائنل جیتا بلکہ اولمپکس کا 2008 میں قائم کیا گیاطویل ترین تھرو کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا تھا۔

ارشد نے جو تھرو پھینکی وہ ان کے کریئر کی سب سے بڑی جبکہ دنیا میں اب تک پھینکی جانے والی چھٹی سب سے طویل جیولن تھرو تھی، ارشد نے اس مقابلے میں اپنی آخری تھرو بھی 90 میٹر سے زیادہ فاصلے پر پھینکی۔

اس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کے لیے انفرادی طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ بن گئے تھے جبکہ ملک کو 32 سال بعد اولمپک میڈل کی خوشی دینے میں بھی کامیاب رہے تھے۔

ارشدندیم  کے کارناموں کا چرچا میڈیا، سوشل میڈیا سمیت ہر جگہ ہورہا ہے۔

ایسے میں اداکارہ میرا کے ایک 3سال پرانے انٹرویو کی ویڈیو دوبارہ وائرل ہوگئی۔

ماضی کی مقبول اداکارہ میرا نے ارشد ندیم کو کرکٹر قرار دیتے ہوئے ان کے کھیل کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہوں نے اچھی کرکٹ کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے اچھی کرکٹ کھیلی، انہوں نے ملک کا نام روشن کیا، ان کی وجہ سے قوم اور ملک کا دنیا میں نام ہوا۔

میرا نے مزیدکہا کہ ارشد ندیم کے کھیل میں ان کی باڈی لینگویج سے ہی ان کی سچائی کا پتا چل رہا تھا، انہوں نے اچھا کھیل کھیلا۔

میرا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اچھا کھیل کھیلنے والے کرکٹرز سمیت اچھے فن کا مظاہرہ کرنے والے اداکاروں کا بھی خیال کرے، ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مراعات کا اعلان کرے۔

Watch Live Public News