لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ، آئین کہتا ہے 90 روزمیں الیکشن ہونے چاہئیں لیکن حکومت کہہ رہی ہے انتخابات کرانے کے لیے پیسے نہیں، انتخابات نہ کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے لاہور سے ویڈیو لنک کے ذرایعے اسکالرز اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں مذہبی اسکالرنہیں بلکہ تاریخ کا طالب علم ہوں لیکن میں نے اسلام کی تاریخ پڑھی ہے، پاکستان اسلام کےنام پربنا، جب کہ چین اور دیگر ترقی یافتہ ممالک نبی کریمﷺ کےاصول پرچل رہے ہیں ، نبی کریمﷺ کےطریقوں پرچلنے والا معاشرہ ترقی کرے گا۔ عمران خان نے کہا کہ انصاف قائم کرنے سے معاشرہ آزاد ہوجاتا ہے، نبی کریمﷺ کے دورمیں دنیا کا سب سے بڑا انقلاب آیا تھا، دنیا میں ممالک قومیت کی بنیاد پر وجود میں آئے۔انہوں نے کہا کہ غلام انسان نے کبھی بڑے کام نہیں کیے، جسمانی غلامی سے زیادہ خطرناک ذہنی غلامی ہے، غلام اچھےغلام بن سکتے ہیں، سوچنے کی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے، ذہنی اور ثقافتی اثر قبول کرنا بھی غلامی ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک میں بڑے چوروں کواین آراونہیں ملتا، کبھی سنا مغربی ممالک میں بڑے چوروں کواین آراو دیا ہو؟، جن ممالک میں قانون کی حکمرانی ہے وہاں ترقی اور خوشحالی ہے لیکن پاکستان میں قانون صرف کمزور کے لیے ہوتا ہے، طاقتورجومرضی کرے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی آزاد ہونی چاہیے، خارجہ پالیسی کسی کوخوش کرنے کے لیے نہیں ہونی چاہیے، آزاد خارجہ پالیسی کا مطلب عوام کے مفادات کوتحفظ ہے لیکن ہم نے امریکا کوخوش کرنےاور ڈالرز کے لیے جنگ میں حصہ لیا، دوسروں کی جنگ میں 80ہزارجانیں قربان کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد پر بہانے بنائے جارہے ہیں، آئین کہتا ہے 90 روزمیں الیکشن ہونے چاہئیں لیکن حکومت کہہ رہی ہے انتخابات کرانے کے لیے پیسے نہیں، انتخابات نہ کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ عمران خان نے کہا افسوس کہ حکومت نے ہیلتھ کارڈ ختم کردیا، غریب نجی اسپتال میں ہیلتھ کارڈ سےعلاج کرواسکتا تھا، پرائیویٹ سیکٹر دیہات میں اسپتال بنارہا تھا، جورک گیا۔