ویب ڈیسک:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی پروٹیکٹڈ صارفین کی اوور بلنگ کی بڑھتی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اووربلنگ کرنے والے افسروں اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کر دیئے، 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پروٹیکٹڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹڈ کیٹگری میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے، جس کی قطعاََ اجازت نہیں دی جا سکتی، ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے اور حقائق کی روشنی میں بلا امتیاز ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹڈ صارفین کی فہرست میں شامل کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹگری تبدیل ہونے سے صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا، پروٹیکٹڈ صارفین پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ اووربلنگ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، صارفین کی جانب سے اووربلنگ کی شکایات اور ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ لاہور الیکٹر ک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے پروٹیکٹڈ صارفین کو مبینہ طورپر اووربلنگ کے معاملے پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نےانکوائری شروع کردی ہے جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی اووربلنگ کے خلاف ذمہ دار افسروں کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔