ویب ڈیسک: پی ٹی آئی نے حکومت سازی کی جانب بڑا قدم اٹھاتے ہوئے جماعت اسلامی کے ساتھ ہاتھ ملالیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں بنائی گئی کمیٹیوں نے کام شروع کر دیا۔ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی قیادت کے مابین رابطے میں مل کر چلنے پر اتفاق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق آزاد اراکین کی شمولیت کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے ٹی او آرز بنائے جائیں گے۔ دونوں جماعتوں کی جانب سے مذاکرات کے لیے کمیٹیاں قائم کر دی گئیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر، اعظم سواتی اور علی امین گنڈاپور کمیٹی میں شامل ہیں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے پروفیسر ابراہیم، لیاقت بلوچ اور عنایت اللہ کمیٹی کا حصہ ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ دونوں کمیٹیاں جلد ہی ٹی او آرز طے کریں گی۔ ٹی او آرز کی حتمی منظوری دونوں جماعتوں کی قیادت کی جانب سے دی جائے گی۔