اسلام آباد ( پبلک نیوز ) پاکستان بھر میں آج کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم شہدائے کشمیر منایا جا رہا ہے، یہ تاریخی دن کشمیر ،پاکستان کے عوام ،دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی مناتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ دن ان 22 کشمیری مؤذنوں کی شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہیں 13 جولائی 1931 میں مہاراجا کشمیر کے سپاہیوں نے اذان کی ادائیگی کے دوران سری نگر جیل کے باہر قتل کر دیا۔جبکہ بے شمار مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا۔ یہ ایسی اذان تھی جسے 22 مئوذنوں نے جان کا نذرانہ دے کر مکمل کیا، اس اذان کی گونج آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں موجزن ہے،13جولائی کی قربانیوں کی داستان آج تک کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو تازہ رکھے ہوئے ہے،یہی واقعہ دراصل تحریک آزادی کی بنیاد بنا۔ یہ وہ ناقابل فراموش دن ہے جب کشمیریوں نے عہد کیا کہ وہ ہر قیمت پر آزادی حاصل کر کے رہیں گے، اس سفاکانہ واقعہ کے بعد بھی 9 دہائیوں سے کشمیری عوام بھارتی حکومت کے ریاستی جبر و ستم کا شکار ہے ،مگر ہمت نہیں ہاری،ہر سال 13جولائی کو دنیا بھر میں شہدائے کشمیر کو زبردست طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے، کشمیری اس عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں کہ وہ ہندوستانی جبر و استبداد سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔