ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر محمد اکرم شہید کو دفاع وطن کی خاطر 1971 میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے سلام پیش کیا اور ان کے جذبہ حب الوطنی، قوم کے لیے خدمات کو سراہا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میجر محمد اکرم شہید نے وطن کیلئے عظیم قربانی پیش کی، پوری قوم اپنے شہداء اور اُن کے خاندانوں کی احسان مند رہے گی، قوم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قربانیاں فراموش نہیں کرے گی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میجر محمد اکرم شہید نے مشرقی پاکستان میں لڑتے ہوئے جرات و بہادری کی لازوال مثال قائم کی، میجر محمد اکرم شہید نے دشمن کی عددی برتری کی پرواہ کئے بغیر اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میجر محمد اکرم شہید نے فرض شناسی اور وطن سے عہد وفاء کی ایسی مثال قائم کی جو نوجوان نسل کیلئے قابل تقلید ہے، مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے وطن کے عظیم بیٹوں کیلئے پوری قوم کے عقیدت کے جذبات ہیں، پاکستانی قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی وطن کے دفاع کیلئے دی گئی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر ے گی۔