اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) بیگم رعنا لیاقت علی خان ، عبدالستار ایدھی اور میجر عزیز بھٹی شہید کے ساتھ درسی کتب میں ملالہ یوسف زئی کی تصویر شا ئع کرنے پر بڑا ا یکشن ، پنجاب ٹیسٹ بک بورڈ کی طرف سے ساتویں کلاس کی معاشرتی علوم کی کتاب میں پاکستان کی اہم شخصیات کے ساتھ ملالہ کی تصویر شامل کرنے پر شدید تنقید کے بعد تمام کتابوں کو ضبط کر لیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر عوام نے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے اس اقدام پر شدید ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پبلشرز کی طرف سے ساتویں کلاس کی معاشرتی علوم کی کتاب میں پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی تصویر پاکستان کی اہم شخصیات کے ہمراہ شامل کی گئی تھی، اب پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی طرف سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ اس طرح کی تمام کتب کو مارکیٹ سے اٹھا کر ضبط کر لیا جائے اور اس مقصد کیلئے پولیس پبلشرز اور کتابوں کی دکانوں پر چھاپے مار کر اس کتاب کو ضبط کرنے میں مصروف ہے۔ یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ اس کتاب کو پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی طرف سے این او سی جاری ہی نہیں کیا گیا اور نہ ہی کبھی یہ اجازت دی گئی ہے کہ معاشرتی علوم کی کتاب میں ملالہ یوسف زئی کی تصویر اہم پاکستانی شخصیات کے ساتھ شائع کی جائیں۔ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب سوشل میڈیا پر ایک بحث کا آغاز ہو گیا جس میں صارفین نے اس طرح کے کمنٹ دیئے کہ ملالہ کی تصویر عبدالستار ایدھی کے ساتھ شائع کرنے کا یہ مطلب بنتا ہے کہ خدمات کے حوالے سے ان دونوں کا قد کاٹھ برابر ہے۔ بہت سے پاکستانیوں کا خیال ہے کہ ایسا نہیں ہے اور یہ بے انصافی کی جا رہی ہے۔