نوازشریف کے معالج کے گھر ڈکیتی، ڈاکو گھر کا صفایا کرگئے

نوازشریف کے معالج کے گھر ڈکیتی، ڈاکو گھر کا صفایا کرگئے
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے گھر ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے۔ ڈاکو ان کے گھر سے سونے کے زیورات، ہیرے اور دوسری قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈکیتی کی یہ واردات لاہور میں واقع ڈاکٹر عدنان کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کرکے نامعلوم ڈاکوئوں کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزموں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے ڈکیتی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے ملزموں کیخلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایت کر دی ہے۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی یہ واردات عید کے دوسرے روز 11 جولائی کو ہوئی۔ ڈاکٹر عدنان کی جانب سے واقعہ پر بات کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میں ان دنوں لندن میں مقیم ہوں جبکہ میرے اہلخانہ عید پر یو اے ای گئے ہوئے ہیں۔ گھر کا ملازم بھی چھٹیوں پر تھا۔ نواز شریف کے ذاتی معالج کا کہنا تھا کہ میری فیملی گھر پہنچی تو گھر کے تمام تالے ٹوٹے ہوئے تھے۔ جبکہ سونے کے زیورات اور ہیرے جن کی مالیت کم از کم 40 لاکھ روپے ہے بھی غائب تھے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔