ڈونلڈ ٹرمپ کے "پراجیکٹ 2025" سے مخالفین کو خطرہ کیا ہے؟

ڈونلڈ ٹرمپ کے
کیپشن: What threatens opponents of Donald Trump's "Project 2025"?

ویب ڈیسک: (علی زیدی) امریکا میں سیاسی تجاویز پر مشتمل منصوبے " پراجیکٹ 2025" کو ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ٹرمپ نے خود کو " پراجیکٹ 2025" سے دور رکھنے کی کوشش کی ہے باوجود یہ کہ ان کے بہت سے قریب ترین سیاسی مشیر اس کی تیاری میں شامل ہیں۔ ڈیموکریٹ صدر جوبائیڈن کی انتخابی مہم کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ٹرمپ صدر بن گئے تو وہ تحکم پسند اور انتہائی دائیں بازو کی پالیسیوں کا ایک سلسلہ اختیار کریں گے۔

" پراجیکٹ 2025" کیا ہے؟

یہ منصوبہ اُن سیاسی تجاویز کا مجموعہ ہے جسے سابق انتظامیہ کے سینکڑوں عہدے داران نے تیار کیا ہے۔ اس کی تیاری میں شریک افراد امید رکھتے ہیں کہ اگر ٹرمپ صدر منتخب ہو گئے تو وہ اس کو اختیار کریں گے۔ ان تجاویز کا مسودہ تقریبا 900 صفحات پر مشتمل ہے۔

اس منصوبے میں ٹرمپ کے ہزاروں وفاداروں کے ناموں کی فہرستیں ہیں جن کو ٹرمپ انتظامیہ کے ابتدائی ایام میں سیاسی عہدوں پر مقرر کیا جا سکتا ہے۔

کیا "پروجیکٹ 2025" ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ساتھ مربوط ہے؟

جی ہاں اور جی نہیں۔۔۔ اس منصوبے کی نگراں 'دی ہیریٹیج فاؤنڈٰیشن' ہے جو ٹرمپ کا حامی ایک تھنک ٹینک ہے۔

ٹرمپ جولائی کے اوائل میں سوشل میڈیا پر کہہ چکے ہیں کہ "میں پراجیکٹ 2025 کے بارے میں کچھ نہیں جانتا"۔ تاہم یہ پوری کہانی نہیں ہے، حقیقت یہ ہے کہ ٹرمپ کے بہت سے قریب ترین سیاسی مشیر جن کے بارے میں غالب گمان ہے کہ وہ ان کی انتظامیہ میں اعلی عہدوں پر کام کریں گے، اس منصوبے ' پراجیکٹ 2025' میں بھرپور طور سے شامل ہیں۔ اس منصوبے کے ڈائریکٹر پال ڈینس ہیں جو ٹرمپ کے دور میں 'یو ایس آفس آف پرسنل مینجمنٹ' میں چیف آف اسٹاف کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

منصوبے کی مرکزی تجاویز کیا ہیں؟

پراجیکٹ 2025 منصوبے کی سیاسی تجاویز خارجہ امور سے لے کر تعلیم کے شعبے تک پھیلی ہوئی ہیں۔ ان تجاویز میں اس قانون پر عمل درآمد شامل ہے جو ای میل کے ذریعے ڈاکٹری نسخے پر اسقاط حمل کی گولیاں ارسال کرنے کو غیر قانونی بنا دے گا۔ تجاویز میں وزارت تعلیم کی منسوخی بھی شامل ہے۔ منصوبے میں وسیع پیمانے پر ماحولیات کا تحفظ کرنے والوں کے ناموں کی فہرستیں ختم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ منصوبے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سیاسی عہدوں پر معاونین کی تعداد بڑھا کر صدارتی اختیار کا دائرہ کار وسیع کیا جائے۔ وزارت انصاف کے مقابل صدر کے اختیار کو مضبوط تر بنایا جائے۔ اس تجویز نے قانون نافذ کرنے والے بہت سے ذمے داران کو حیران کر دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیاسی مداخلت کے بغیر تحقیقات سے متعلق وزارت انصاف کی قدر ختم کر دے گا۔

کیا ٹرمپ منصوبے کی تجاویز سے متفق ہیں؟

ایسا لگتا ہے کہ ٹرمپ منصوبے کی بہت سی تجاویز سے متفق ہیں تاہم تمام تجاویز سے نہیں۔

ٹرمپ نے ' پراجیکٹ 2025' میں بہت سی بنیادی تجاویز کی تائید کی ہے۔ مثلا حکومت میں سیاسی منصوبوں پر معاونین کی تعداد میں اضافہ اور وزارت تعلیم کا خاتمہ۔۔۔ تاہم وہ دیگر تجاویز سے اتفاق نہیں کرتے ہیں مثلا اسقاط حمل کی گولیوں پر پابندی عائد کرنا وغیرہ۔

" پراجیکٹ 2025" کیوں اہم ہے؟

اگرچہ ' پراجیکٹ 2025' منصوبہ 2023 کے اوائل سے موجود ہے تاہم گزشتہ چند ماہ میں صدر جوبائیڈن کی انتخابی مہم نے ووٹروں میں آگاہی بڑھانے کے لیے منظم کوششیں کی ہیں۔ مہم کے مطابق اگر ٹرمپ صدر بن گئے تو یہ منصوبہ دائیں بازو کے سخت گیر سیاسی انقلاب کی علامت ثابت ہو گا۔

جو بائیڈن رواں ہفتے کہہ چکے ہیں کہ ' پراجیکٹ 2025' امریکا کو تباہ کر دے گا۔

ٹرمپ کے مخالفین کی صفوں میں اندیشے بڑھ گئے ہیں کہ صدر کے اختیار کو مضبوط بنانے کا منصوبہ جولائی کے اوائل میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد خاص طور پر خطرہ ثابت ہو گا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں ملکی صدور کو منصب پر رہتے ہوئے کیے گئے اقدامات کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے استثنا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم نے " پراجیکٹ 2025" کی جانب بڑھتے رجحان پر بیزاری کا اظہار کیا ہے۔ مہم نے باور کرایا ہے کہ اس منصوبے کی تجاویز کا انتخابی مہم کے سرکاری سیاسی پروگرام سے کوئی تعلق نہیں۔

Watch Live Public News

کونٹینٹ پروڈیوسر