بم دھماکوں اور خود کش حملوں کا ماسٹر مائنڈ گرفتار

بم دھماکوں اور خود کش حملوں کا ماسٹر مائنڈ گرفتار
کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے پاکستان میں بم دھماکوں اور خود کش حملوں کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد کو کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا ہے جو مختلف دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہے۔ اس دہشتگرد کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا جا رہا ہے۔ اس کی شناخت ناظم الدین کے نام سے کی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی نے خفیہ کارروائی کرتے ہوئے اس دہشتگرد کو اس وقت گرفتار کیا وہ جب دھماکا خیز مواد سے لیس ایک موٹر سائیکل پر جا رہا تھا۔ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد مختلف حملوں میں ملوث تھا۔ اس کے گروہ کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ دہشتگرد ناظم الدین اپنے ہدف پر حملہ کرنے دھماکا خیز مواد سے لیس ایک موٹر سائیکل پر جا رہا ہے، جس کے بعد ہم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ دہشتگرد سے کی گئی ابتدائی تفتیش میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ وہ 2017ء سے لے کر 2021ء تک کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والے دہشتگرد حملوں یا کارروائیوں میں ملوث رہا۔ دہشتگرد اور اس کے گروہ نے سالوں تک خود کش حملے کئے جن میں گیارہ نومبر 2017ء کو ڈی آئی جی حامد شکیل پر خود کش حملہ، انیس جنوری 2018ء کو آر آر جی ٹرک پر خود کش حملہ، سات جنوری 2020ء کو ایف سی کی گاڑی پر حملہ، 21 اپریل 2021ء کو سرینا ہوٹل میں خود کش حملہ، 1 جولائی 2021ء کو آرمی ٹرک پر حملہ، آٹھ اگست 2021ء کو سرینا ہوٹل کے باہر حملہ، اٹھارہ اکتوبر 2021ء کو ٹرک پر حملہ، 18 دسمبر 2021ء کو موٹر سائیکل آئی ای ڈی حملہ اور 30 دسمبر 2021ء کو جے یو آئی نظریاتی پر حملہ شامل ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔