ویب ڈیسک: آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں جشن بہاراں فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ دو روزہ فیسٹیول میں مقامی افراد کے علاوہ پاکستان سے آئے ہوئے سیاحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول میں آزاد کشمیر بھر سے کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ تقریب میں حکومتِ آزاد کشمیر کے نمائندگان، سول و عسکری حکام اور ملک بھر سے آئے سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو میڈلز، اعزازی شیلڈز، تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیے گئے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے سپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ لیپہ گزشتہ کچھ سالوں سے تمام شعبوں میں ترقی کی راہ پر بہت تیزی سے گامزن ہے۔ وادی لیپہ کی ترقی کا سارا کریڈٹ سول انتظامیہ اور مقامی عمائدین کو جاتا ہے۔ وادی لیپہ کے لوگ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں بہت اچھے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
لیپہ کے سٹوڈنٹس پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے۔ مقامی لوگوں کی ڈیمانڈ پر وادی لیپہ میں ایک خوبصورت سٹیڈیم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو آئندہ تین سے چار ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ یہ سٹیڈیم لیپہ کے لوگوں کو پاک فوج کی طرف سے گفٹ کیا جائے گا۔
پاک فوج سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر وادی میں سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی لیپہ سیاحت اور سرمائی کھیلوں کیلئے بہترین جگہ ہے۔ آزاد کشمیر کے قدرتی حسن کو محفوظ کرنے کے لیے ٹورازم کو پروموٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
اہل علاقہ نے کامیاب فیسٹول کرانے پر پاک فوج اور سول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ سیاحوں اور مقامی آبادی نے وادی لیپہ میں منعقدہ فیسٹیول کو خوش آئند قرار دیا۔