صحافی منصور علی کو میچ فکسر سابق پاکستانی کھلاڑی کی کال

صحافی منصور علی کو میچ فکسر سابق پاکستانی کھلاڑی کی کال
کیپشن: Match Fixer calls Mansoor Ali Khan
سورس: Youtube

(محمدساجد)سینیئرصحافی منصور علی خان نے کہا انہیں بیرون ملک موجود سابق میچ فکسر پاکستانی کھلاڑی کی کال آئی، سابق کرکٹر اعجاز احمد پر جو گفتگو کی اس میں میرا نام کیوں لیا؟ مزید کیا باتیں کی سینیئرصحافی نے سب بتا دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق اپنے ویلاگ میں سینیئرصحافی منصور علی خان نے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں جس نمبر سے کال آئی وہ باہر کا تھا، کالر نے منصور علی سے کہا آپ نے میرا نام کیوں لیا؟ سینیئر صحافی نے کہا انہوں نے ایک مثال دی تھی کہ اعجاز احمد نے ایک چیز کو پٹھانوں کے ساتھ جوڑ دیا جو کہ غلط ہے، پاکستان کے اندر 3 میچ فکسر جو پکڑے گئے تھے وہ تینوں پنجابی تھے اس کا مطلب یہ نہیں کہ پنجابی ہی میچ فکسر ہوتے ہیں۔

سابق میچ فکسرکھلاڑی نے کہا آپکو کیا ضرورت تھی میرا ذکر کرنے کی؟ منصور علی نے کہا آپ نے ایسا کیا ہے تو مثال دی ہے اور ساری زندگی یہ چیز آپ کے ساتھ رہے گی، فکسر نے قومی ٹیم کے ایک سابق کپتان کا نام بھی لیا کہ انہوں نے بھی میچ فکسنگ کی تھی، سینیئرصحافی نے جواب دیا ان کے پاس کوئی کورٹ آرڈر نہیں ہے، اگر آپ مجھے لکھ کر یا آڈیو بھیج دیں تو میں کہہ دوں گا سابق کپتان بھی میچ فکسر ہے۔

سابق میچ فکسرکھلاڑی نے پھر کہا کہ اُن کا نام کیوں لیا؟ منصور علی نے دو ٹوک بات کرتے کہا آپ نے ایسا کیا ہے، آپ پاکستان پر ایک دھبہ ثابت ہوئے ہیں جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا، کے پی کے سے بہت سے کھلاڑی آئے ہیں جنہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اس جھنڈے کی عزت کی ہے مگر آپ نے نہیں کی۔

منصور علی خان نے بتایا کہ سابق کھلاڑی نے انہیں کہا کہ اب پھر جواب کا انتظار کیجئے گا، کیا یہ کوئی دھمکی تھی؟کوئی ٹویٹ کرنی ہے؟ اس کی مجھے سمجھ نہیں آئی، اپنی فیملی کو بتا چکا ہوں کہ کال کس کی تھی اور اب انتظار کررہا ہوں اُن کا جواب آجائے تاحال نام نہیں بتاسکتا ہے کہ وہ کون ہیں، ریکارڈ سارا میرے پاس محفوظ ہے، میرے ساتھ کل کو ئی انیس، بیس ہوئی تو بتا دوں گا یہ صاحب تھے۔

منصور علی خان نے سابق میچ فکسر کھلاڑی کو کہا ان کے ساتھ دوبارہ اس لہجے میں بات  نہیں کرنی، اس ملک کے ساتھ جن بڑے بڑے سیاست دانوں نے ناانصافی کی ہم نے ان کو نہیں چھوڑا تو آپ کس کھیت کی مولی ہیں، اگلی بار مجھے ایسی کال کرنے کی جرات بھی مت کرنا۔اگلی بار آپ کو نام بھی لوں گا۔

Watch Live Public News