ویب ڈیسک: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہماری نظریہ کی جنگ ہے ، جبر سے کچھ لوگ تو پیچھے ہوں گے,آئینی ترمیم کے لئے جن لوگوں نے ووٹ دیا اور جنہوں نے ووٹ تو نہیں دیا لیکن اُس صف میں شامل ہوئے اور بانی پی ٹی آئی کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ان کے نام رات تک آجائیں گے۔
تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں وزیراعلی کے پی علی امین گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس بل کا مقصد عوام کے جان ومال کا تحفظ کرنا ہے،عوام کو مطمئن کرنا ہمارا فرض ہے، پولیس کے مسائل بھی حل کررہے ہیں،ہم پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، صوبے کے امن اور عوام کی قانونی پیچیدگیوں کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا آزاد عدلیہ کو محکوم کردیا گیا ہے، ایسی حکومت نے عدلیہ پر حملہ کیا جس کے پاس جائز مینڈیٹ نہیں,ہم وہ ترامیم لائیں گے جس سے عوام کو فائدہ ہو ، ہماری نظریہ کی جنگ ہے ، جبر سے کچھ لوگ تو پیچھے ہوں گے، جن لوگوں نے ووٹ دیا اور ووٹ نہیں دیا بانی کے پیٹ میں چھرا گھونپا ان کے نام رات تک آجائیں گے، رات کو ہمیشہ ڈکیتی ہوتی ہے، حکومت نے آزاد عدلیہ پر حملہ کیا ہے، جن کی مجبوریاں تھیں وہ استعفا دے دیتے ۔
علی امین گنڈا پور کا کہناتھا کہ جب بھی ہم آئیں گے ان ترامیم کو ختم کریں گے، شہباز شریف نے اعلانات کے باوجود ایک روپے کا فنڈ جاری نہیں کیا، صوبائی حکومت نے اپنے وسائل سے سڑکوں کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں جہاں پینے کے پانی اور روڈز کا مسئلہ ہے وہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،ورلڈ بینک کے پیسوں سے صوبائی حکومت ہی کام کرتی ہے،ورلڈ بینک ہمیں کوئی چندہ نہیں دے رہا بلکہ قرضہ دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کے کا کہناتھا کہ غیرآئینی ترامیم سے چند اشرافیہ کو فائدہ دیا جا رہا ہے،ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ جو کریں کوئی پوچھنے والا نہیں، ہماری تحریک جاری ہےہمارا لیڈر عمران خان بے گناہ جیل میں ہے اس غیرآئینی ترامیم کو پاس کرنے کے لئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بند کی گئی اور ان کو آئسولیشن میں رکھا گیا، دوہرا معیار عوام کے سامنے آچکا ہے اس وقت بھی ہمارے دو پارلیمنٹیرینز پروڈکشن آرڈر کے باوجود ایوان میں موجود نہیں،انور زیب اور لیاقت خان اب تک ایوان نہیں پہنچے، اعظم سواتی کو تو بغیر وجہ سے اس عمر میں گرفتار کیا گیا۔
ہمارے انتظار پنجوتھہ صاحب کئی دنوں سے لاپتہ ہیں، عدالت پوچھ رہی ہے وہ کدھر ہیں؟ جواب دیا جاتا ہے ڈھونڈ رہے ہیں، آئی جی پنجاب کے پی کے ہاوس میں تو گھس جاتے ہیں، ادھر بندہ غائب ہے، یہ آپ کی کارکردگی ہے؟ استعفیٰ دو! اگر آپ کا بیٹا یا بھائی ہوتا تو پتہ چل جاتا وہ کدھر ہے، سب کو یہ پیغام دے رہا ہوں جو یہ آپ فیملیز کے ساتھ ایسا کررہے ہیں آپ اپنے گھر کی طرف راستہ دے رہے ہیں کل کو آپ کے ساتھ بھی ایسا ہوسکتا ہے،جو کہتے تھے بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں وہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں پر ایک لفظ نہیں بول رہے۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ برملا کہتا ہوں کہ مشکل وقت آیا پارٹی پر پتا چلا کہ کون بزدل ، غدار اور ضمیر فروش تھا،غداری بزدلی سے کرے یا مجبوری سے غدار ، غدار ہے استعفی کیوں نہیں دیا؟غداروں سےہم بھی پوچھیں گے اور قوم بھی پوچھے گی۔