آئینی ترمیم کو نہیں مانتے، وزیر اعلی علی امین کی ایک بار پھر احتجاج کی دھمکی

آئینی ترمیم کو نہیں مانتے، وزیر اعلی علی امین کی ایک بار پھر احتجاج کی دھمکی

(ویب ڈیسک)  وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ  آئینی ترمیم کو نہیں مانتے، اس ترمیم کیخلاف احتجاج کریں گے کیوں کہ یہ آزاد عدلیہ پر حملہ ہے، احتجاج کے دوران اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے اور اس وقت تک واپس نہیں پلٹیں گے جب تک ان سے جان نہیں چھڑوا لیتے، بس عمران خان سے میٹنگ کی دیر ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ   عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد احتجاج کریں گے اور سارا پاکستان بلاک کریں گے، احتجاج کیلئے پورے پاکستان سے لوگ آئیں گے، فائنل احتجاج کا ایک بڑا پلان بنائیں گے اور پورے ملک میں احتجاج کریں گے، احتجاج کے دوران جسے جہاں رکاوٹیں ملیں گی تو وہیں پر ہی احتجاج جاری رکھے کیوں کہ رکاوٹیں عبور کرنا ہر کسی کے لیے ممکن نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ  ہمارا احتجاج حکومت سے جان چھڑانے تک جاری رہے، اس کے علاوہ آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کو پارٹی سے نکالیں گے کیوں کہ جو شخص عمران خان کی پارٹی میں پیٹھ میں چھرا گھونپے وہ غدار ہے اور ہمیشہ غدار ہی رہے گا، کوئی فرق نہیں پڑتا اس کا باپ کون ہے۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ باجوڑ میں مبارک زیب کو ٹکٹ نہ دینا کا میرا فیصلہ ٹھیک تھا، یہ لوٹا نکلا، مبارک زیب کے مقابلے میں پارٹی رہنماؤں نے قربانیاں دی ، مبارک زیب نے صرف اپنا ووٹ نہیں بیچا باجوڑ کا حق بیچا ہے ، جنھوں نے ووٹ فروخت کیا ان کے نام سامنے آگئے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

Watch Live Public News