ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کیلئے بنگلا دیش پہنچ گئے ہیں۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کے بعد پاکستان کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا سفر ختم ہو گیا تھا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور آل راؤنڈر شعیب ملک کھلاڑیوں کے ہمراہ نہیں ہیں وہ 16 نومبر کو ڈھاکہ میں سکواڈ کو جوائن کرینگے۔ پاکستانی کھلاڑی عالمی وبا کورونا وبا کی وجہ سے بنگلا دیش میں ایک روزہ قرنطینہ کریں گے۔ سیریز کے تینوں ٹی ٹونٹی میچ رواں ماہ کی 19، 20 اور 22 تاریخ کو ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے، اس کے علاوہ پاکستانی ٹیم بنگلا دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچ بھی کھیلے گی۔ تاہم اس کیلئے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ بنگلا دیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کرتے ہوئے محمد حفیظ کی جگہ افتخار احمد کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ نے بنگلا دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کیلئے سیریز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔