سٹیو جابز کا 45 سال پرانا کمپیوٹر چار لاکھ ڈالر میں نیلام

سٹیو جابز کا 45 سال پرانا کمپیوٹر چار لاکھ ڈالر میں نیلام
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے بانی سٹیو جابز کے ہاتھوں سے بنایا جانے والا لگ بھگ 45 سال پرانا کمپیوٹر گزشتہ دنوں 4 لاکھ ڈالر میں فروخت کر دیا گیا۔ خیال رہے کہ ایپل کی بنیاد سٹیو جابز اور ان کے ساتھی سٹیو وزنیاک نے رکھی تھی، اس کے آغاز میں دونوں نے 200 کمپیوٹر تیار کئے تھے۔ نیلامی کیلئے پیش کیا جانے والی یہ ڈیوائس انہی میں سے ایک ہے۔ ان کمپیوٹرز کی خاص بات یہ تھی کہ اسے لکڑی میں بند کیا گیا تھا۔ 'کوا' درخت کی یہ لکڑی صرف امریکی ریاست ہوائی میں پائی جاتی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا تھا کہ ایپل ون کمپیوٹر امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں 6 لاکھ امریکی ڈالر میں نیلام ہوگا۔ تاہم اس کی بولی 4 لاکھ ڈالر لگی۔ نیلامی کرنے والوں کا کہنا تھا کہ ایپل کے دونوں بانی جابز اور وزنیاک اپنے کمپیوٹرز کو زیادہ تر پارٹس کے طور پر فروخت کرتے تھے۔ ایک گاہک نے جب ان سے پچاس ڈیوائس خریدیں تو انہوں نے اسے لکڑی میں بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹیکنالوجی ماہر کورے کوہن کا غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ یہ کمپیوٹر نایاب اور الیکٹرانکس کی اشیا جمع کرنیوالوں کیلئے ایک مقدس چیز ہے۔ اس کمپیوٹر کو سب سے پہلے کیلیفورنیا کے ایک پروفیسر نے خریدا تھا جس کے بعد انہوں نے اسے 1977ء میں اپنے شاگرد کو فروخت کر دیا تھا۔ ایپل ون کمپیوٹر خریدنے والے اس طالبعلم کا نام سامنے نہیں آیا لیکن اس نے یہ کمپیوٹر 650 امریکی ڈالر میں خریدا تھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل 2014ء میں ایک ایپل ون کمپیوٹر 9 لاکھ امریکی ڈالرز میں فروخت ہوا تھا۔

Watch Live Public News