ویب ڈیسک: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے اسکواڈ سے بابر اعظم اور شاہین آفریدی کی چھٹی کا قوی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد سابق کپتانوں بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو دوسرے ٹیسٹ میں آرام دینے پر غور کیا جارہا ہے، قومی سلیکشن کمیٹی نے بابر اعظم کی مسلسل ناقص کارکردگی پر آرام دینے کی تجویز دی جبکہ سلیکٹرز نے قومی ٹیسٹ ٹیم سے شاہین شاہ آفریدی کو بھی آرام دینے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان اور کوچ چاہتے ہیں کہ بابر اعظم پلئینگ الیون میں رہیں تاہم حتمی فیصلہ آج چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کرینگے۔ دوسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم کا اعلان چیئرمین سے مشاورت کے بعد ہوگا۔
اگر قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں دو اسپنرز کے ساتھ جاتی تو شاہین شاہ آفریدی کو آرام کروایا جاسکتا ہے، دونوں کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کے لئے سلیکٹرز آج بابر اور شاہین سے گفتگو کرینگے۔