پاکستانی نژاد آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے عطیات کی مہم شروع کردی ہے۔ پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر نے پیر کو سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے یکجہتی کا اظہار کیا اور آسٹریلیا کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ہنگامی صورتحال میں سیلاب سے متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے یونیسیف کی کوششوں میں عطیہ دیں۔ اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں اب تک 1300 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ بہت سے خاندانوں کی زندگیاں ہمیشہ کے لئے بدل گئی ہیں’ بے شمار ایسے ہیں جو اپنے گھر دوبارہ کبھی تعمیر نہیں کر سکیں گے’ اگر ہو سکے تو ان کے لئے عطیہ کریں جہاں تک ممکن ہو سکے ‘ آپ کی چھوٹی سی سخاوت بھی بڑا فرق پیدا کر سکتی ہے۔ دریں اثناء آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے عثمان خواجہ کے ٹویٹ کے جواب میں لوگوں سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے یونیسیف کی امدادی سرگرمیوں میں حصہ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔