ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کاکہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تمام کیسز بوگس ہیں، انکو کل یا پرسوں رہا ہو جانا چاہیے تھا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جتنی دیر جیل میں رکھیں گے انکی جان کو خطرہ ہے ہمارے ممبران کو پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اسی شہر میں پڑھتا رہا ، 8 فروری کو عوام نے انکے چیپٹر بند کر دیے ، سانحہ پارلیمنٹ پر نظر ثانی کرنی چاہیے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام کیسز بوگس ہیں انکو کل یا پرسوں رہا ہو جانا چاہیے تھا۔
عمر ایوب کاکہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کسی مقدمہ میں کوئی کردار نہیں ہے، آئی پی پیز معاہدے ن لیگ کے دور اور پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئے ، اس معاہدے کے تحت آپ بجلی بنائیں یا نہ بنائیں آپکو پیمنٹ ہو جاتی ہے، میں وزیر توانائی تھا تو ریٹ اڑھائی سینٹ پر لے آئے تھے۔
قبل ازیں انسداددہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی عسکری ٹاور جلاؤگھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی ، انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے سماعت کی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان حاضری کیلئے عدالت میں پیش ہوئے، سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی بیماری کے باعث حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی ، عدالت نے اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، عمر ایوب اعظم سواتی وغیرہ عدالت حاضری لگوا کر روانہ ہوگئے ۔
بعد ازاں عسکری ٹاور حملہ کیس میں عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 8 اکتوبر تک توسیع کر دی ۔
واضح رہے کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرک میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔