کوئٹہ (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عبدالمالک کاسی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔ خاندانی ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعبدالمالک کاسی کافی عرصہ سےعلیل تھے۔ آج طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی تدفین کوئٹہ کے قدیم کاسی قبرستان میں کی جائے گی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے لکھا کہ قبائلی مشر سابق وفاقی وزیر صحت اور ریلوے ڈاکٹر عبدالمالک کاسی کے انتقال پر نہایت افسردہ ہوں، ڈاکٹر صاحب انتہائی خلیق اور ملنسار انسان تھے۔ اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت، بلند درجات اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل عطاء فرمانے کی دعا ہے۔ رکن قومی اسمبلی اور چیئر آف پینل کے ممبر امجد علی خان نے ٹویٹ پیغام کے ذریعہ اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹر صاحب میرے والد مرحوم ڈاکٹر شیر افگن نیازی کے قریبی دوستوں میں سے تھے۔ امجد علی خان نے مزید لکھا کہ ڈاکٹر عبدالمالک کاسی ایک بہترین شخصیت کے مالک تھے۔ اللہ پاک ان کے درجات بلند فرمائے(آمین)۔