بلاول والد نہیں والدہ کی سیاست کریں: وزیر اطلاعات

بلاول والد نہیں والدہ کی سیاست کریں: وزیر اطلاعات
پنڈ دادنخان:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جن لوگوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق ہوا، ملک ان کے حوالے نہیں کیا جا سکتا، عوام اس وقت تک نواز شریف اینڈ کمپنی کو معاف نہیں کریں گے، جب تک وہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں کر دیتے، اپوزیشن کا اپنا کوئی قد نہیں، بلاول کو پتہ ہے کہ وہ جہلم اور پنڈی سے چند سو بندے بھی اکٹھے نہیں کر سکتے اس لئے وہ فضل الرحمان کے کندھے پر چڑھ کر مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر سیاست کر رہے ہیں، بلاول سے کہتا ہوں کہ وہ زرداری کی سیاست نہ کریں، وہ بے نظیر بھٹو اور اپنے نانا کی سیاست کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب کے دوران شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقاتوں سمیت اہم سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف جگہ جگہ بھٹک رہے ہیں، پنجابی کی کہاوت ہے (اردو ترجمہ) قربان جائوں اس تھانیدار پر جس نے ماں کی یاد دلا دی”، قربان جائوں عمران خان پر جس نے آج ان سب چوروں کو اکٹھا کر دیا ہے، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ یہ سب چور اکٹھے ہیں اور آج سب نے دیکھ بھی لیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے بیٹے کئی سالوں سے لندن میں بیٹھے ہیں، ان کے اپارٹمنٹس، بلڈنگز اور گاڑیاں سب کے سامنے ہیں، آخر ان کا خرچہ کون اٹھا رہا ہے؟، انہوں نے کہا کہ ہمارا نواز شریف سے ذاتی جھگڑا نہیں، ہم صاف ستھری بات کرتے ہیں کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ قوم کو واپس کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ پیسہ ہے جو پاکستان کے عوام سے چوری کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں ایک ایک ٹی وی پروگرام میں کہا جا رہا تھا کہ مہنگائی بہت ہو گئی ہے، میں نے کہا کہجن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے کیا پاکستان انہی کو واپس کر دیں؟۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق ہوا، ہماری کمر ٹوٹی، ملک ان کے حوالے کیسے کیا جا سکتا ہے؟۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار باہر بیٹھے ہوئے ہیں، ان کی جرات نہیں کہ وہ پاکستان آ کر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں، نواز شریف نے ہائیڈ پارک، لندن کے سامنے ایک ارب ڈالر کی پراپرٹی بنائی، مقصود چپڑاسی، مسرور احسن اور منظور پاپڑ والا کے اکائونٹس سے اربوں روپے شہباز شریف اینڈ فیملی کو منتقل ہوئے، ان لوگوں نے نے پاکستان کے عوام، مزدور اور تاجر کو لوٹا ہے، آج لوگ کس منہ سے نواز شریف اینڈ کمپنی کا ساتھ دے رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ قوم کا پیسہ واپس نہیں کر دیتے، پاکستان کے عوام قطعی طور پر نواز شریف اینڈ کمپنی کو معاف نہیں کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن بھی آج کل یہی کر رہی ہے، اس کا اپنا کوئی قد نہیں، بلاول کو پتہ ہے کہ وہ جہلم اور پنڈی سے چند سو بندے اکٹھے نہیں کر سکتے اس لئے وہ فضل الرحمان کے کندھے پر چڑھ کر مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر سیاست کر رہے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے بلاول بھٹو سے کہا کہ وہ زرداری کی سیاست نہ کریں، وہ بے نظیر بھٹو اور اپنے نانا کی سیاست کریں، سیاست وہ ہوتی ہے جو اپنے قد اور طاقت کے ذریعے کی جائے، بلاول بھٹو پہلے میئر کا انتخاب لڑنا سیکھیں، یہاں تقریریں کرنے سے انہیں ووٹ نہیں ملنے، نہ ہی پیپلز پارٹی کی سیاست مولانا فضل الرحمان کو ٹھیکے پر دینے سے ووٹ ملیں گے، اپنی سیاست خود کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج الحمد اللہ عمران خان جب بات کرتے ہیں تو وہ نواز شریف کی طرح چٹ نکال کر بات نہیں کرتے، عمران خان جب بات کرتے ہیں تو دنیا ان کی بات سنتی ہے، آج 23 سال کے بعد پاکستان کا کوئی وزیراعطم روس جا رہا ہے، آج پاکستان کے وزیراعظم کی آواز مسلم امہ کی آواز سمجھی جاتی ہے، یہی وہ قد ہے جو پاکستان کے لوگ اپنے وزیراعظم میں دیکھنے کی توقع کرتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔