ویب ڈیسک: پنجاب کابینہ نے طلبا و طالبات کو آسان شرائط پر بلاسود الیکٹرک بائیکس دینے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 40 واں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، مشیران، چیف سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران پنجاب کابینہ نے 10 ہزار طلبا و طالبات کو آسان شرائط پر بلاسود الیکٹرک بائیکس دینے کی منظوری دی۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ طلبا و طالبات کو پنجاب بینک کے تعاون سے 10 ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود آسان شرائط پر دی جائیں گی، 7 ہزارالیکٹرک بائیکس طلبا جبکہ 3 ہزار طالبات کو دی جائیں گی۔ اجلاس میں پنجاب چیرٹیز کمیشن کی ایپلٹ کمیٹی کی تشکیل، بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹرز کیلئے فنڈز کے اجرا کی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے ریسکیو 1122 ایمولینسز میں ہارٹ اٹیک کے مریضوں کیلئے آٹو میٹڈ ایکسٹرنل ڈیفیبریلیٹر نصب کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
صوبائی کابینہ نے بہاولپور، لاہور اور ملتان میں ڈرگ کورٹ کے چیئر پرسنز کی تعیناتی کی منظوری دی اور کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن وامان کے 16 ویں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔