پنجاب کے بجٹ میں کسانوں اور مزدوروں کو کیا دیا گیا؟

پنجاب کے بجٹ میں کسانوں اور مزدوروں کو کیا دیا گیا؟
لاہور (پبلک نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں صوبے کی تاریخ کا بہترین بجٹ دیا ہے۔ متوازن، فلاحی اور ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔بجٹ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی بجٹ میں تمام طبقات کے لیے ریلیف ہے۔ پنجاب حکومت نے کسان، مزدور اور غریب پرور بجٹ پیش کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔ مزدور دوست حکومت نے کم از کم اجرت 20 ہزار روپے کر کے محنت کشوں کے دل جیت لیے۔انھوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے 560ارب کے ترقیاتی پروگرام سے پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کانیا دور شروع ہوگا۔ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 10ارب روپے کے پیکیج سے پنجاب کو معاشی استحکام ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ صنعتی زونز کے جاری منصوبوں کے لیے نئے مالی سال کے بجٹ میں 3ارب50کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے گجرات میں 1ارب 30کروڑ کی لاگت سمال انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جارہی ہے۔سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے سیالکوٹ ٹینریز زون کے قیام پر 50کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس منصوبے کے لیے 35کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ سیالکوٹ میں 1ارب 70کروڑ روپے کی لاگت سے سرجیکل سٹی سیالکوٹ بنے گا۔ پنجاب روزگار سکیم کے انقلابی پروگرام کے لیے 10ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ورک فورس کی تیاری کے لیے ایپمروونگ ورک فورس پروگرام پر 17ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ 9ارب روپے کی لاگت سے سکلنگ یوتھ فار انکم جنریشن کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔عوام کو مصنوعی مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے پنجاب کے مختلف اضلاع میں 362سہولت بازار قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ان بازاروں میں عوام کو ایک چھت تلے معیاری اشیاء ضروریہ سستے داموں مل رہی ہیں۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ماڈل بازار اتھارٹی قائم کردی گئی ہے۔پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں ماڈل بازاروں کے قیام کے لیے 1ارب 50کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال نوجوانوں کو جدید علوم سکھانے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے نیا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 40ہزار نوجوانوں کو جدید ہنر سکھائے جائیں گے۔ اس منصوبے کے لیے 17اربروپے کے فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔