ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے درمیان بدھ کی شام ملاقات ہوئی ہے جسے علی امین گنڈا پور نے ’مثبت‘ قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں ملاقات کے بعد خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور امیر مقام کے ہمراہ صحافیوں سے بات کی۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملاقات میں وزیر اعظم سے کہا ہے کہ انہیں سینیٹ الیکشن سے متعلق مشاورت کے لیے عمران خان سے ملاقات کرنی ہے جس پر فی الحال پابندی عائد کی گئی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ان سے کہا ہے کہ وہ عمران خان سے ان کی جلد ملاقات کو ممکن بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ دو اپریل کو ہونے والے والے سینیٹ الیکشن کے تناظر میں ان کی عمران خان سے ملاقات ضروری ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ساتھ ان کی ملاقات بہت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے تمام مسائل بشمول بجلی کے بقایاجات کے حل میں مدد کی پوری یقین دہانی کروائی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیر اعظم کے درمیان ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیف ایگزیکٹو نے بھی علی امین گنڈاپور کی جانب خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ سرکاری اہلکاروں کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے بعد 19 مارچ کو خیبر پختونخوا کے بجلی کے واجبات سے متعلق اجلاس رکھنے کی ہدایت کی ہے۔