این ایل سی اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے زیراہتمام ریفرٹرک ٹرانزٹ کا آغاز

ویب ڈیسک: نیشنل لاجسٹک سیل اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے زیر اہتمام ریفرٹرک ٹرانزٹ (Reefer Truck Transit) کا آغاز کردیا گیا ہے۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے زراعت کے سیکٹر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا، نیشنل لاجسٹک سَیل (NLC) کے سولہ ٹرک کِینو لے کر روسی شہروں ڈربنٹ اور گروزنی میں پہنچ گئے۔

پاکستان نے تقریباً 6,000 کلومیٹر پر محیط زمینی راستے سے روس کو پھلوں کی برآمد شروع کر دی ہے جو کہ مقامی تجارت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے لئے ایک سنگ میل ہے۔

یہ ٹرک افغانستان کے بجائے ایران اور آذربائیجان سے ہوتے ہوئے 18 دنوں میں روس پہنچے، اس سے قبل پاکستان سمندری راستے سے روس کو کینو برآمد کرتا رہا ہے جسے منزل تک پہنچنے میں مہینوں لگتے تھے۔

رِیفر ٹرک ٹرانزٹ کے دوران کینو کو زیادہ دیر تک تازہ رکھنے کے لیے درجہ حرارت کو برقرار رکھا جاتا ہے۔ روس نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے نیشل لاجسٹک سیل (NLC) اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی کوششوں کو سراہا۔

براہ راست ٹرانزٹ سروس کے آغاز نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو نئی شکل دی ہے، جس میں بے پناہ کاروباری مواقع اور دو طرفہ تجارت کو 20  ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت ہے۔ نیشل لاجسٹک سیل (NLC) ایک سرکاری ادارہ ہے جو ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات فراہم کرتا ہے۔

یہ ادارہ پاکستانی مصنوعات جیسے کیلے، گوشت، کینو اور دیگر غذائی اجناس کی وسطی ایشیائی ریاستوں اور چین کو برآمد میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔

Watch Live Public News