اسلام آباد(پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہمیں فوجی جوانوں پر فخر ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا پاکستان کے آرمی چیف جنرل باجوہ نےعید کا دن لائن آف کنٹرول پر فوجی دستوں کےساتھ گزارا، فوج کی باقی قیادت بھی اپنے ٹروپس کے ساتھ موجود رہی، فوج میں سپاھی سے جرنیل تک یہ جوان ایک خاندان میں پروئے ہوئے ہیں،ان کی راتیں جاگتی ہیں تا کہ عوام رات کو سوسکیں ، ہمیں آپ پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز ایل او سی کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا آرمی چیف نے ایل او سی کے اگلے مورچوں پر متعین دستوں سے ملاقات کی، ایل او سی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آرمی چیف نے ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی اور نماز عید ایل او سی پر فوجی دستوں کے ساتھ ادا کی، انہوں نے فوجی دستوں کے بلند حوصلے ،لگن اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ، آرمی چیف نے کووڈ 19 کا پھیلائو روکنے کے لئے سول انتظامیہ کو اعانت فراہم کرنے پر فارمیشن کو سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں کشمیر کے بہادر عوام کی جرات مندانہ جدوجہد کو بھولنا نہیں چاہئیے،بطور فوجی فرض کی ادائیگی قابل فخر ہے،کسی بھی محاظ یا موقع پر مادر وطن کا دفاع فخر کی بات ہے، پاکستان کے عوام کا تحفظ و سلامتی ہماری ذمہ داری ہے، پاک فوج عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی، کووڈ 19 کے حوالے سے حد درجہ احتیاط برتی جائے۔