اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزارت پیٹرولیم اور سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت پیٹرولیم اور گیس کمپنیوں نے نیا گیس شیڈول تشکیل دیدیا ہے۔ جس کے تحت 24 گھنٹوں میں سے صرف چند گھنٹے گیس مل سکے گی۔ گھریلو صارفین کو صبح ساڑھے پانچ بجے سے 8:30 تک گیس ملے گی۔ دن میں 11:30 سے دوپہر 2:00 بجے تک اور شام میں 4 سے رات 10 بجے تک گیس ملے گی۔ ذرائع کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کے شیڈول کا نفاذ دسمبر سے فروری تک ہوگا۔ گھریلو صارفین کے لیے تیار کیے جانے والے نئے گیس شیڈول پر عمل درآمد وفاقی کابینہ کی جانب سے ملنے والی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ دوسری جانب صدر لاہور چیمبر نعمان کبیر نے گیس فراہمی شیڈول کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گیس فراہمی کا یہ شیڈول صارفین سے ظلم ہوگا۔ فراہمی میں ناکامی کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متبادل فیول ایل پی جی، کوئلہ اور تیل پہلے ہی مہنگے ہیں، گیس کی عدم فراہمی سے صنعتی پہیہ رک جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے گیس فراہمی کی اس صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کردیا ہے۔