ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،3 دہشتگرد جہنم واصل،میجر اور حوالدار شہید

ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،3 دہشتگرد جہنم واصل،میجر اور حوالدار شہید

(ویب ڈیسک ) ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز  نے کارروائی کرتے ہوئے  3 دہشتگرد  ہلاک کردیے۔اس دوران میجر محمد حسیب اور حولدار نور احمد شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق   ہرنائی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز  نے  کارروائی کی۔ 

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ  سکیورٹی فورسز کو ہرنائی میں دہشت گردوں کی جانب سے شہریوں کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملی،  دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں فوری طور پر سیکیورٹی فورسز کو علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے بھیجا گیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں   3  دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں   میجر محمد حسیب اور حولدار نور احمد شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ  میجر محمد حسیب شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے  اور انکی عمر  عمر 28 سال ہے۔ میجر محمد حسیب شہیدنے 8سال6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔ میجر محمد حسیب شہید  کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  38سالہ حوالدار نور احمد شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے،انہوں  نے  14 سال تک وطنِ عزیز کا دفاع کیا۔ حوالدارنور احمد شہید کے سوگوران میں اہلیہ ، 3بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔

صدر مملکت کا جام ِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت: 

صدر آصف زرداری  نے ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت  پیش کیا ۔ صدر مملکت  نے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے سلام  پیش کیا۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ  دفاع وطن کے دوران بڑی قربانی پیش کرنے پر پوری قوم شہداء کی ممنون ہے۔صدر مملکت نے کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ  دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے کاروائیاں جاری رکھیں گے، قوم شہداء اور اُنکے خاندان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی۔

صدر آصف علی زرداری  نے  شہداء کیلئے بلندی درجات ، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیر اعظم کا خراج عقیدت: 

وزیراعظم شہباز شریف نے  ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو خراج عقیدت  پیش کیا  ، انہوں نے شہداء کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت  کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان فوج کے افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شہیدوں کو خراج عقیدت: 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے ہرنائی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ  شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔  شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے پاک  وطن کے امن کے لئے جانیں قربان کیں۔ شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد قوم کے ہیرو ہیں ۔ لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ  شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ 

وزیرداخلہ  نے شہید میجر محمد حسیب اور شہید حوالدار نور احمد سے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے مزید کہا  کہ  دکھ کی گھڑی میں شہداء کےخاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔  دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

Watch Live Public News