لاہور: دس سالہ پاکستانی آیت عاصمی نے ورلڈ اسکول چیس چیمپئن شپ انڈر 12 میں کانسی کا تمغہ جیت کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ قازقستان کے شہر اکتاؤ میں منعقد ہونے والی ورلڈ اسکول چیس چیمپئن شپ انڈر 12 میں 53 ممالک سے 400 کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ عالمی چیمپئن شپ کے ان مقابلوں میں یوکرین کے پینٹسکو اسٹینسلاو نے سونے اور ترکمانستان کے ناریماروف یلاس نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ آیات عاصمی نے اس مقابلے میں شطرنج کھیلنے والے کئی سرفہرست ممالک جیسے ہندوستان، بیلجیم، پولینڈ، کینیڈا، نیدرلینڈ، جرمنی اور بلغاریہ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ شطرنج فیڈریشن آف پاکستان (سی ایف پی) کے صدر حنیف قریشی اور سیکرٹری شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب راجہ گوہر اقبال نے 26 ملکی شطرنج کے عظیم الشان مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر آیات عاصمی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی شطرنج کے کھلاڑی اپنے اگلے بین الاقوامی شطرنج مقابلوں میں تمغہ جیتنے والی کارکردگی کو جاری رکھیں گے۔ آیات عاصمی جن کا تعلق لاہور سے ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وہ پاکستان کی گرینڈ ماسٹر کے لئے محنت کر رہی ہیں اور ٹائٹل اپنے نام کرنا چاہتی ہیں۔