ویب ڈیسک : الیکشن کمیشن نے این اے 128 میں عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا جبکہ ان کی اہلیہ نور بخاری استحکام پاکستان پارٹی کی مخصوص نشست پر ایم پی اے منتخب ہوگئی ہیں۔
عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی غلطی الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے تسلیم کر لی اور نوٹیفکیشن واپس لے لیا اب سلمان اکرم راجہ کی درخواست الیکشن کمیشن سن کر فیصلہ کرے گا.
رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈی جی لا کمیشن نے باقاعدہ موقف دیدیا ہے۔
حلقہ این اے 128 سے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی جس میں ڈی جی لا کمیشن نے عدالت کوبتایا کہ ہم کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے رہے ہیں۔
اس پر امیدوار سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن فارم 49 کو بھی واپس لے رہے ہیں ؟ جس پر عدالت نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ باقی معاملات آپ الیکشن کمیشن جاکر کہیے۔
دوسری طرف عون چودھری کی اہلیہ نور بخاری مخصوص نشتسوں پر پنجاب اسمبلی کی ایم پی اے منتخب ہوچکی ہیں۔
نمبر گیم کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے مطابق، اب تک 4 آزاد امیدواروں نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی ہے جبکہ لاہور سے ایک صوبائی سیٹ پر علیم خان کامیاب ہوئے ہیں جس کے بعد استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کی کل تعداد 5 ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں، آئی پی پی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی مخصوص نشتوں کی فہرست میں اداکارہ نور بخاری پہلے نمبر پر ہیں۔
4.5 جنرل نشستوں پر ایک مخصوص نشست ملنے کے فارمولے کے مطابق، استحکام پاکستان پارٹی کو ایک مخصوص نشست ملے گی۔ پارٹی کی فہرست میں پہلے نمبر پر عون چوہدری کی اہلیہ اداکارہ نور بخاری ہیں، اس لحاظ سے وہ پنجاب اسمبلی کی رکن بن گئی ہیں۔