ویب ڈیسک :ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی نے اپنی شادی کے موقعے پر قریبی دوستوں کو دو، دو کروڑ روپے کی مالیت کی گھڑیاں تحفے میں دی ہیں۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق اننت امبانی نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور رنویر سنگھ سمیت دیگر دوستوں کو سوئس کمپنی کی لمیٹڈ ایڈیشن اوڈیما پیگے کا تحفہ دیا ہے۔
انسٹاگرام اکاؤنٹ دی انڈین ہورولوجی نے گھڑیوں کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اننت امبانی نے تمام دوستوں کو اپنی شادی کا سپیشل تحفہ دیا ہے۔‘
ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ ’اور وہ کہتے ہیں کہ انڈیا غریب ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ امبانیز بغیر سوچے سمجھے اپنی دولت کی نمائش کر رہے ہیں۔‘
ایک اور صارف نے کہا کہ یہ ’پاگل پن ہے۔‘
شادی کی تقریب میں برطانیہ کے سابق وزرائے اعظم ٹونی بلیئر اور بورس جانسن نے بھی شرکت کی تھی۔
فیفا کے باس جیانی انفینٹینو، بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان اور سام سنگ کے چیئرمین جے وائی لی جیسی شخصیات کے علاوہ کاروبار، کھیل اور تفریحی دنیا کی سینکڑوں دیگر مشہور شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
شادی کی تقریبات آج اتوار کو ریسیپشن پارٹی کے ساتھ ختم ہو جائیں گی اور یوں کئی مہینوں سے جاری یہ جشن اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔