ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 9 مئی کے مقدمات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، تفتیشی افسران نے سابق وزیر اعظم کا جسمانی ریمانڈ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ نیب ٹیم نے عمران خان اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں پونے 3 گھنٹے تک تفتیش کی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد درخواست پر سماعت کریں گے، تفتیشی افسران انسداد دہشت گردی عدالت پراسیکیوشن پہنچ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ 9 مئی کے 12 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو آج ویڈیو لنک پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی جائے گی اور بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش کی اجازت مانگی جائے گی۔
گزشتہ روز پولیس کی تفتیشی ٹیم نے جناح ہاؤس حملے سمیت 9 مئی کے بارہ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈال دی تھی۔
بعد ازاں نو مئی کے تین مقدمات میں لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی، بانی پی ٹی آئی کے خلاف کُل سولہ مقدمات درج ہیں، جس میں چار میں سے وہ ضمانت پر ہیں۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں نیب کی تفتیش
اڈیالہ جیل میں نیب ٹیم نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے پونے 3 گھنٹے تک تفتیش کی۔ اس دوران بلگیری جیولری سیٹ کے حوالے سے مخلتف سوالات پوچھے گئے۔ نیب ٹیم تفتیش کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔
ٹیم نے گزشتہ روز بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا۔ نیب ٹیم نے ملزمان کو 2 دن قبل اڈیالہ جیل میں گرفتار کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کا آٹھ آٹھ دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا، راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج محمدعلی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں نیب ریفرنس کی سماعت کی تھی۔