ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے یا کسی سیاسی رہنما پر غداری کا مقدمہ چلانے کی باتیں فضول، ناقابلِ برداشت اور سیاسی بحران میں اضافے کا باعث ہیں,حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کسی طور پر درست نہیں.
فرحت اللہ بابر نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ امریکی جمہوریت اپنے موجودہ بحران کو برقرار رکھے گی۔ تاہم خبردار رہیں کہ پاکستانی جمہوریت، درحقیقت خود ریاست، خود ساختہ بحران کو برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتیں۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کسی طور پر درست نہیں، سیاسی اختلافات کا مطلب یہ نہیں کہ کسی پارٹی کو ختم ہی کر دیا جائے سیاسی جماعتوں کو جمہوری طرزعمل اپنانا چاہئے، آرٹیکل 6 سابق جنرل مشرف اور جنرل ضیاء الحق پر لگنا تھا جو نہیں لگایا گیا، سیاسی پارٹیوں کے رہنما اور کارکن آرٹیکل چھ کے زمرے میں نہیں آتے۔حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ پابندیاں لگا کر کسی سیاسی جماعت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، ملکی مسائل کا واحد حل پابندیاں نہیں ڈائیلاگ ہیں۔