ویب ڈیسک:اسلام آبادہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے سماعت 10دن کیلئے ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی،بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گِل اور نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نےاستفسار کیا کہ ٹرائل کہاں تک پہنچا ہے؟
نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے کہاکہ نیب کے تفتیشی افسر پر جرح جاری ہے، ملزمان کے وکلاء کیس تاخیر کا شکار کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے ٹرائل روکا تو نہیں ہے اسے مکمل کر لیں نا۔
چیف جسٹس نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ اس عدالت کے آرڈر کا غلط استعمال تو نہ کریں،جرح میں جتنا مرضی وقت لے لیں لیکن جرح مکمل کر لیں،یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ آپ کیس میں تاخیر کر رہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل نے ٹرائل کورٹ سے درخواست بریت کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ہمیں ریکارڈ دیکھنے کیلئے وقت دیدیا جائے، 2 ہفتے بعد سماعت رکھ لیں، درخواست گزار کی جانب سے جو ریکارڈ لیا گیا ہے وہ میرے پاس موجود نہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ انکو ریکارڈ کی کاپی دے دیں، کافی وغیرہ پی لیں ریکارڈ زیادہ ہوا تو شائد کھانا بھی کھانا پڑ جائے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ 2 ہفتے مانگ رہے ہیں لیکن ہم سماعت 10 دن کیلئے ملتوی کر دیتے ہیں۔
عدالت نے درخواستوں پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کو 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کے حکم میں 7 نومبر تک توسیع کردی۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کیس کا حتمی فیصلہ دینے سے روک رکھا ہے۔