لاہور ( پبلک نیوز) پنجاب میں آج سے لاہور کے 16 اور گجرات کے 17 علاقوں سمیت راولپنڈی کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈائون کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سے پھل، سبزی، دودھ، گوشت کی دکانوں سمیت بیکریاں شام 7 بجے کھلی رہیں گی۔ کسی بھی ضرورت کے تحت گھر کا صرف ایک فرد باہر نکل سکے گا۔ صوبہ بھر میں کاروباری مراکز کو شام 6 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ ہفتہ و اتوار کو مارکیٹیں بند رہیں، سرکاری اور نجی دفاتر میں آدھے عملہ کو کام کی اجازت ہو گی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلہ کے مطابق لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گجرات اور گوجرانوالہ میں اِن ڈور شادی ہالز، مزار، سنیما گھر اور ہر طرح کے کمیونٹی سینڑ بھی بند رہیں گے۔ این سی او سی نے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسوں کے پیش نظر ایس او پیز پر سخت سے عملدر آمد کا کہا اور کیس بڑھنے پر تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔