راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں فوجی گاڑی پر خود کش حملے میں تین اہل کار شہید، جب کہ چار زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے خود کش حملے میں 3 اہل کار اور 3 بچے شہید ہوگئے ، خود کش حملہ عید گاؤں کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر 14 مئی کی شام کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید جوانوں میں حولدار زبیر قادر ،سپاہی عزیر افسر اور سپاہی قاسم مقصود شامل ہیں جبکہ شہید بچوں میں گیارہ سال کا احمد حسن ،آٹھ سال کا احسن اور چار سال کی انعم شامل ہیں ۔ ترجمان کے مطابق شہدا کے جسد خاکی اور زخمی اہل کاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیاہے۔ حملے کے بعد علاقے میں فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ انٹیلی جنس اداروں نے خودکش حملہ آور ،سہولت کاروں کے حوالے سے تحقیقات شروع کردیں ۔