پی ڈی ایم دھرنا، کارکنان ریڈزون میں داخل، سپریم کورٹ کے سامنے پہنچ گئے

پی ڈی ایم دھرنا، کارکنان ریڈزون میں داخل، سپریم کورٹ کے سامنے پہنچ گئے
اسلام آباد: حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنان احتجاج اور دھرنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے ریڈزون میں داخل ہوکر سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکن گیٹ پھلانگ کر ریڈزون میں داخل ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے باہر پہنچے، جہاں ایف سی اور پولیس اہل کاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ پولیس حکام کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور جے یو آئی (ف) میں مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو واضح کیا ہے کہ احتجاج سپریم کورٹ کےسامنے ہی ہوگا اور ایک سے دو بجے احتجاج کا آغاز ہو گا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنے کا سٹیج سپریم کورٹ سے تھوڑا پیچھے لگوائیں گے، الیکشن کمیشن یا وزیراعظم ہاؤس کے سامنے سٹیج لگ جائے تو اعتراض نہیں، سپریم کورٹ کی انٹری یا بالکل سامنے سٹیج نہ لگایا جائے یہی حکمت عملی ہے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر جے یو آئی ف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے قافلے پنجاب کےمختلف شہروں سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ فیصل آباد، سرگودھا، جہانیاں، حافظ آباد، میانوالی، خانیوال، بہاولپور، راولپنڈی اور دیگر شہروں سے (ن) لیگ، پی پی اور جے یو آئی کے قافلے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ فیصل آباد سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکن انفرادی طور پر اسلام آباد روانہ ہوئے، میانوالی میں (ن) لیگ کا بڑا قافلہ روکھڑی ہاؤس سے اسلام آباد دھرنے کےلیے روانہ ہوا۔ فیض آباد پر دیگر قافلے بھی مرکزی قافلے میں شریک ہوکر اسلام آباد داخل ہوں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت میں تمام صورتحال معمول کے مطابق رواں دواں ہے، انتظامیہ کی جانب سے ڈی چوک مکمل طور پر بند کیا گیا ہے جب کہ سپریم کورٹ کے باہر ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ انتظامیہ نے سرینا چوک سے پارلیمنٹ جانے والا راستہ بند کردیا ہے اور سریناچوک سے شاہراہ دستور جانے والی ٹریفک کو بھی روک دیا گیا۔ سپریم کورٹ کے سامنے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے جلسے کے باعث سکیورٹی خدشات سامنے آئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو خدشات سے آگاہ کردیا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔