بدترین پاسپورٹ کی فہرست میں پاکستان کا چوتھا نمبر

بدترین پاسپورٹ کی فہرست میں پاکستان کا چوتھا نمبر

شام، افغانستان اور عراق کے بعد پاکستانی پاسپورٹ دنیا میں چوتھا بدترین پاسپورٹ بن گیا۔ عالمی سفری دستاویزات کے تجزیے کی بنیاد پر ' ہینلے پاسپورٹ انڈیکس' کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں پاکستان کو بدترین پاسپورٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستان جنگ زدہ ملکوں شام افغانستان اور عراق کے بعد دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا ملک بن گیا ہے۔انڈیکس سفری دستاویزات اور اس  بنیاد پرمبنی ہے کہ کتنے ممالک کے شہری بغیر ویزا کے رسائی حاصل کرسکتے ہیں، نیز یہ رپورٹ بین الاقوامی ہوائی نقل و حمل کی ایسوسی ایشن( انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن) کی معلومات پر بھی مبنی ہے۔

تاہم اس رپورٹ کو مرتب کرنے میں کورونا کی وبائی بیماری سے متعلق عارضی پابندی کو شامل نہیں کیا گیا۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق 193 ممالک تک رسائی کے ساتھ جاپانی پاسپورٹ  پہلے نمبر پر  آتا ہے جبکہ سنگاپور کا پاسپورٹ 192 ممالک تک رسائی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اس رپورٹ کے مطابق جرمنی اور جنوبی کوریا دونوں ہی 191 ملکوں تک رسائی کے ساتھ تیسرا مقام رکھتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فوجی بغاوت کے باوجود میانمار نے 47 ملکوں تک رسائی کے ساتھ انڈیکس میں 94 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ جبکہ ہندوستان اور بنگلہ دیش بالترتیب 84 ویں اور 100 ویں نمبر پر ہیں۔ چین اور متحدہ عرب امارات بالترتیب 90 ویں پوزیشن سے 68 ویں اور 65 ویں سے 15 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

یوروپی یونین (EU) کے ممالک ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی پہلی 10 پوزیشنز پر براجمان ہیں۔ اس فہرست میں برطانیہ، امریکہ، سوئٹزرلینڈ، بیلجیم اور نیوزی لینڈ ایک ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔

دوسرے ممالک میں جن کے پاسپورٹ انتہائی طاقت ور تصور کیے گئے ہیں ان میں اٹلی، فن لینڈ، لکسمبرگ، فرانس، اسپین، ہالینڈ، آئرلینڈ، سویڈن، مالٹا، یونان اور ناروے شامل ہیں۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔