پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، نواز شریف نے کیا کہا؟

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، نواز شریف نے کیا کہا؟
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ، حکومت کے اس فیصلے پر نواز شریف کا کیا کہنا ہے، مریم نواز نے بتا دیا۔ پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ ہونے کے بعد عوام کی جانب سے حکومت کو اس فیصلے پر کافی تنقید کا سامنا ہے۔ عوام کا مؤقف ہے کہ پوری دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے جبکہ پاکستان میں اس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹر صارف نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز سے درخواست کی کہ ' آپ میاں نواز شریف صاحب کو بولیں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیں۔ مریم نے اس کے جواب میں ٹوئٹر پر لکھا کہ 'میاں صاحب نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی اور یہاں تک کہہ دیا کہ میں مزید ایک پیسے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتا اور اگر حکومت کی کوئی مجبوری ہے تو میں اس فیصلے میں شامل نہیں ہوں'۔ خیال رہے کہ وفاقی وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور نوٹیفکیشن کے مطابق 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافےکے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 233 روپے 91 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے اسی‌طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 43 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 191 روپے 75 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے. مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 67 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 199 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 244 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔