عمران خان نے شہباز گل کے متنازع بیان کو غلط قرار دیدیا

عمران خان نے شہباز گل کے متنازع بیان کو غلط قرار دیدیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے چیف آف سٹاف شہباز گل کے فوج سے متعلق متنازع بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ شہباز گل “غلط” تھے اور انہیں ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ شہباز گِل کو یہ نہیں کہنا چاہیے تھا کیونکہ یہ فوج کو اکسانے کے زمرے میں آتا ہے، ہم فوج کو مضبوط ادارے کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مولانا فضل الرحمٰن، مریم نواز، ایاز صادق، نواز شریف اور دیگر کی جانب سے بھی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیانات دیے گیے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ جیل میں شہباز گل کے ساتھ کیے گئے سلوک سے ’بہت پریشان‘ ہیں، ’یہ انتہائی تکلیف دہ ہے، ہمارے وکلا نے ہمیں بتایا کہ اس کے کپڑے اتار دیے گئے اور انہیں مارا پیٹا گیا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’پولیس تشدد کررہی ہے اور شہباز گل کو ذہنی طور پر توڑنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ وہ میرے خلاف بیانات دینے پر مجبور ہوجائے. عمران خان نے کہا کہ اگر عمران کو کچھ کہنا ہے تو متحدہ اپویشن خود کہہ دے، اس کام کے لیے انہیں شہباز گل پر تشدد کی ضرورت نہیں ہے، مزید یہ کہ شہباز گل سے ’میرے اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی ملاقاتوں‘ کے بارے میں پوچھا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ ان کا مقصد ہمارے خلاف غداری کے مقدمات بنانا اور فوج اور پی ٹی آئی کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنا ہے کیونکہ ہماری واحد جماعت ہے جو تمام صوبوں کی نمائندگی کرتی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔