کرک اور بنوں میں انسداد پولیو ٹیموں پر فائرنگ، پولیس اہلکار اور پولیو ورکر جاں بحق

کرک اور بنوں میں انسداد پولیو ٹیموں پر فائرنگ، پولیس اہلکار اور پولیو ورکر جاں بحق
کیپشن: کرک اور بنوں میں انسداد پولیو ٹیموں پر فائرنگ، پولیس اہلکار اور پولیو ورکر جاں بحق

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے 2 اضلاع میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے انسداد پولیو مہم پر مامور پولیس اہلکار اور  ایک پولیو ورکر کو شہید کر دیا۔

تفصیلا ت کے مطابق پولیس کا کہنا ہےکہ کالا خیل مستی خان میں ملزمان نے پولیو ورکر پر فائرنگ کی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی پولیو ورکر ڈیوٹی کیلئے جا رہا تھا، راستے میں اسے نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی پرانی دشمنی بھی چل رہی تھی، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

کرک میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید اور پولیو ورکر زخمی ہوا

پولیس کے مطابق کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے شکر خیل میں بھی پولیو ٹیم پر حملہ ہوا، فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید ہو گیا جبکہ مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ورکر بھی زخمی ہوا اور حملہ آور فرار ہو گئے۔

گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کرک میں پولیو ٹیم پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور زخمی پولیو ورکر کو ہر ممکن علاج کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

گورنرخیبرپختونخوا نے کرک میں پولیو ٹیم پر حملے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز  پر حملہ پاکستان اور انسانیت دشمن قوتوں کی سازش ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے واقعات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حملوں میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کیلئے کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے انسداد پولیو ٹیموں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لئے اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے حملوں میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید کے لواحقین کی بھر پور مالی معاونت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے حملوں میں زخمی 2 پولیو اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ انسداد پولیو ٹیموں پر حملے کرنے والے ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے دشمن ہیں، اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے انسداد پولیو ٹیموں کے حوصلے پست نہیں ہونگے،فرنٹ لائن انسداد پولیو ورکرز ہمارے ہیرو اور محسن ہیں،صوبائی حکومت صوبے کو پولیو وائرس سے پاک کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نےخیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشتگرد حملے اور اس میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس  کیا ہے۔وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت  کی ہے۔ پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے ہماری سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی.

وزیر اعظم  نے کہا کہ قوم کو پولیو کے مرض سے پاک کرنے کے لیے سرگرم عمل پولیو ورکرز پر حملہ باعث تشویش ہے،اس قسم کی کاروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں،حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے اور پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرک اور بنوں میں پولیو ٹیمز پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کرک میں فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور   شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل عرفان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے،وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس کانسٹیبل عرفان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے 2 پولیو ورکرز کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا ہےکہ پولیو ٹیم پر حملہ پاکستان کے مستقبل پر حملہ ہے۔ پولیو ورکرز اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار ہمارے صحت مند مستقبل کے لئے کوشاں ہیں۔ پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخواہ میں پولیو ورکرز پر حملوں کی مذمت  کی ہے اور بنوں کے علاقے کالا خیل مستی خان اور کرک میں حملوں کی مذمت  کرتے ہوئے حملوں میں ایک پولیو ورکرز اور پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کی شہادتوں پر اظہار افسوس کیاہے۔

پی پی پی چیئرمین نے   پولیو ٹیموں پر حملے کے متعلق گورنر خیبرپختونخواہ سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہم کی کامیابی کے لیے پولیو ورکرز کا تحفظ انتہائی ضروری ہے،خیبرپختونخواہ حکومت پولیو ورکرز کے تحفظ اور مہم کی کامیابی کو یقینی بنائے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کو خراج عقیدت اور ان کے لواحقین سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

بی بی آصفہ بھٹو زرداری

رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر ایکس پر پیغام میں کہا ہے کہ کرک اور بنوں میں پولیو ٹیموں پر حملوں کی شدید مذمت کرتی ہوں،یہ بزدلانہ کارروائیاں ہیلتھ ورکرز اور سیکورٹی اہلکاروں کے خلاف ہیں، پولیو ٹیموں کے خلاف کارروائیاں ہمارے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کی کاوشوں کو ناکام بنانے کی کوششیں ہیں۔

بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکام کو فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے، تشدد پولیو کے خلاف جدوجہد کو نہیں روک سکتا،سال کی آخری پولیو مہم آج 16 سے 22 دسمبر تک کیلئے شروع ہو رہی ہے۔

Watch Live Public News