پی ٹی آئی کا مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک ) بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ  بانی چئیرمین کی ہدایت پر ہم نے مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں  پاکستان  تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) اور قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں  کی ملاقات ہوئی۔اس موقع پر بیرسٹر سیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب ممبران کے ہمراہ قومی وطن پارٹی کے سربراہ کے پاس آئے ہیں،  ملاقات بانی چیئرمین کی ہدایت کے مطابق ہو رہی ہے، اس وقت دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجے میں ملک میں بے چینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ووٹر کی امانت میں خیانت ہوئی ہے،  کچھ لوگ حکومت ملنے پر خوش ہو رہے ہیں،  یہ پارلیمانی جمہوریت کیلئے بہت بڑا مسئلہ ہے، ہم ملک میں ہم آہنگی اور مفاہمت کی فضا چاہتے ہیں۔ 

پی ٹی آئی رہنما   بیرسٹر سیف  نے کہا کہ   بانی چیئرمین کی ہدایت پر ہم نے مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا،  ہمیں فارم 45 کے مطابق تنہا حکومت بنانے کی اکثریت مل چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہم قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کریں گے، عدالتوں سے انصاف مانگتے ہیں، آفتاب شیر پاؤ اور ان کے رہنماوں کو تجویز دی کہ مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے، شیر پاؤ نے کہا سیاسی عدم استحکام سے معاشی عدم استحکام آئے گا،  قومی وطن پارٹی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ دھاندلی کے معاملے پر کمیٹی سے بات کر کے آگاہ کریں گے۔