کراچی (پبلک نیوز) پاکستان کپ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے شرجیل خان کی سنچری کی بدولت ناردرن کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 187 رنز کا مطلوبہ ہدف 28.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بائیں ہاتھ کے اوپنر نے 74 گیندوں پر 13 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیلی. انہوں نے خرم منظور کے ہمراہ 160 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی. خرم منظور پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو حماد اعظم نے آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ناردرن کی پوری ٹیم 44.2 اوورز میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اسپنر دانش عزیز اور فاسٹ باؤلر میرحمزہ نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی. میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر شرجیل خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے صہیب مقصود کے 101 رنز اور اوپنر مختار احمد اور مڈل آرڈر بیٹسمین حسین طلعت کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت خیبرپختونخواہ کو 8 وکٹوں کے بھاری مارجن سے ہرادیا دونوں کھلاڑیوں نے 146 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔
مختار احمد گیارہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 109 گیندوں پر 108 جبکہ حسین طلعت 64 گیندوں پر 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے تیسرے بیٹسمین صہیب مقصود تھے۔ وہ 58 گیندوں پر 11 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں مختار احمد کے ہمراہ 160 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔
سدرن پنجاب نے 317 رنز کا ہدف 40.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عمران خان سینئر اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر خیبر پختون خواہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کے پی نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے۔ خالد عثمان 74 گیندوں پر ناقابل شکست 91 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کی اننگز میں چھ چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے. محمد حارث 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ علی شفیق نے تین اور محمد عمران نے 2 وکٹیں حاصل کیں. مختار احمد اور صہیب مقصود کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 214 رنز کا مطلوبہ ہدف 46 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ قاسم اکرم ناٹ آؤٹ 60 اور طیب طاہر 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بلوچستان کے اسپنر رضا الحسن نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل بلوچستان کی پوری ٹیم 48 اوورز میں 213 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے میدان میں اترنے والے کاشف بھٹی 59 اور دسویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے جلات خان 55 رنز بنا کر بلوچستان کے ٹاپ اسکوررز رہے۔
سنٹرل پنجاب کے عثمان قادر نے چار کامران افضل اور احمد بشیر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سنٹرل پنجاب کے قاسم اکرم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پانچویں راؤنڈ کے اختتام پر سندھ، خیبرپختونخوا اور ناردرن کی ٹیمیں چھ، چھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ سدرن پنجاب، بلوچستان اور سنٹرل پنجاب کی ٹیمیں چار چار پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھی، پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔