مظفر آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر وزیر اعظم قابل احترام ہے مگر آزاد کشمیر کے انتخابات جیتنے کے لیے جو عمران خان کررہے ہیں کیا ایسے انتخاب لڑے جاتے ہیں۔ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ پر جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ایک وفاقی وزیر نے کسی کو"کتا" کہا جس پرلوگ مشتعل ہوئے۔ لوگوں نے انڈے پھینکے اور وفاقی وزراء کے گارڈز نے فائرنگ شروع کر دی۔ انھوں نے کہا کہ کیا آزاد کشمیر کسی کا مفتوحہ علاقہ ہے؟ کیا کسی نے ان پر بندوق نکالی جو وفاقی وزراء کے گارڈز نے گاڑیوں سے اتر کر فائرنگ شروع کر دی؟ حکومت پاکستان کیا کوئی ایسٹ انڈیا کمپنی ہے؟ راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ پرامن جمہوری طریقے سے احتجاج کرنا عوام کا حق ہے۔ دنیا میں احتجاج کا طریقہ ہے کہ ایسی چیز سے احتجاج کریں کہ کسی کو نقصان نہ پہنچے۔ پاکستان کا ہر وزیر اعظم قابل احترام ہے مگر آزاد کشمیر کے انتخابات جیتنے کے لیے جو عمران خان کررہے ہیں کیا ایسے انتخاب لڑے جاتے ہیں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ متحدہ مسلم محاذ کو بھی 1987 میں جیتا ہوا الیکشن ہرایا گیا تھا پھر 1989 میں اس کا کیا نتیجہ ہوا سب نے دیکھا۔ جہلم ویلی روڈ واقعہ میں فائرنگ کرنے والے گارڈز کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ اپنے بیان میں مزید بتایا کہ ایک وفاقی وزیر کہتا ہے بھٹو غدار تھا، اس کو کس نے یہ کہنے کا حق دیا۔ مریم نواز کے بارے میں جو زبان استعمال کی گئی وہ بھی سب کے سامنے ہے۔ لگتا ہے عمران خان وفاقی وزراء سے پوچھتے ہیں 'آج گالیوں کا کیا سکور رہا'۔ ان کا کہنا تھا کہ مراد سعید کو جواب نہیں دینا چاہتا۔ عمران خان کی سابق اہلیہ کی کتاب میں مراد سعید کا ذکر موجود ہے وہ جان لیں لوگ ان کے بارے میں کیا کہتے ہیں۔