کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 6 سے باہر

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 6 سے باہر
ابو ظہبی(پبلک نیوز) کے چھٹے ایڈیشن کے پچیسویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 110 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی. ایونٹ کے دوران 9 میں سے 7 میچز ہارنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل فور کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے. ملتان سلطانز کے اوپنر شان مسعود کو 73 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔184 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 12.1 اوورز میں 73 رنز پر ڈھیر ہوگئی. جیک ویدر وآلڈ اور عثمان خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 27 رنز کا آغاز فراہم کیا جو میچ میں ان کی سب سے طویل پارٹنرشپ رہی. جیک ویدر وآلڈ 19 اور عثمان خان 12 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر فلاپ ہوگئی اور ایک کے بعد ایک تمام کھلاڑی آؤٹ ہوتے چلے گئے.کیمرون ڈیلپورٹ صفر، کپتان سرفراز احمد 13، اعظم خان 2، محمد نواز 10، حسان خان اور خرم شہزاد کھاتہ کھولے بغیر، عثمان شنواری 7 اور ظاہر خان 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ملتان سلطانز کے عمران طاہر نے 3 جبکہ عمران خان سینئر نے 2، مزاربانی، شاہنواز دھانی اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی.اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو شان مسعود کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 183 بنائے۔ شان مسعود اور محمد رضوان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ملتان سلطانز کی ٹیم کو 72 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ملتان سلطانز کو پہلا نقصان اس وقت اُٹھانا پڑا جب محمد رضوان 21 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔دوسرے اینڈ سے شان مسعود نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا. انہوں نے 42 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی. اس اننگز میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ شان مسعود کے پویلین واپس لوٹنے پر جانسن چارلس نے ملتان سلطانز کی کمان سنبھالی اور رنز بنانے کے رفتار مزید تیز کردی۔ انہوں نے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 24 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے. کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خرم شہزاد نے 2 جبکہ محمد نواز ،ظاہر خان اور حسان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔