'اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے والوں کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں '

'اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے والوں کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں '
اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کی محنت اور ان کی ٹانگیں کھینچنے کیلئے پارٹی کے اندر جس طرح باتیں کر رہے ہیں، انہیں پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ شہباز شریف نے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جنرل کونسل کا اجلاس کئی بار مؤخر کرایا کیونکہ میں اس انتظار میں تھا کہ نواز شریف پاکستان آئیں اور میں یہ ذمہ داری ان کے حوالے کروں، الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی اس لیے اجلاس بلانا پڑا۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ پگ جو آج میرے سر پر پہنائی گئی ہے یہ نواز شریف کی امانت ہے اور جب نواز شریف آئیں گے تو پارٹی صدارت ان کے حوالے کردوں گا۔ نواز شریف پاکستان کی ترقی کا معمار ہے، دعا ہے نوازشریف آئیں اور الیکشن لڑیں، چوتھی بار ملک کے وزیراعظم منتخب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار ملکی معیشت کی بہتری کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں، راتوں کو جاگتے ہیں، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ بہت بڑا فیصلہ تھا، جو ہم نے کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو لوگ اسحاق ڈار کی محنت اور ان کی ٹانگیں کھینچنے کیلئے پارٹی کے اندر جس طرح باتیں کر رہے ہیں، انہیں پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔