ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات ہوئی جس میں پاک چین تعلقات کے فروغ اور چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے کیے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی چینی سفارت خانے پہنچے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وفاقی وزیر داخلہ کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین سے دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے، چین کے صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینیئرز اور عملے کے سیکیورٹی پلان پر بھی بریف کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے جامع اور موثر ایس او پیز بنائے ہیں، اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لیے الگ فورس ایس پی یو بنائی جا رہی ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، کوشش ہے کہ کسی چینی شہری پر ذرہ بھر آنچ بھی نہ آئے، پاکستان اور چین کی لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، ایسی کسی سازش کو ہر گز کامیاب نا ہونے دیں گے۔
چینی سفیر نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔
ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم علی آغا اور چینی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔